جہلم شہر اور گردونواح میں ناقص و مضر صحت مونگ پھلی کی فروخت عروج پر

جہلم: شہر اور گردونواح میں ناقص و مضر صحت مونگ پھلی کی فروخت عروج پر ، جگہ جگہ لگے سٹال پر انتہائی ناقص و مضر صحت مونگ پھلی مہنگے داموں فروخت کی جانے لگی ، گاہکوں کے استسفار پر دکاندار بدتمیزی کرنے لگے ، شہریوں کا فوڈاتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر کی سڑکوں میجر اکرم شہید روڈ، پولیس لائن روڈ، کریم پورہ روڈ،سول لائن روڈ، چوک چوراہوں سمیت اندرون شہر کی سڑکوں کے دونوں اطراف مونگ پھلی فروخت کرنے والے دکانداروں نے اپنے اپنے ٹھئیے قائم کر رکھے ہیں جہاں پر تازہ مونگ پھلی فروخت کرنے کی بجائے کئی سال پرانی ناقص مضر صحت مونگ پھلی کی فروخت شروع کررکھی ہے۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ مونگ پھلی فروخت کرنے والوں سے اگر کوئی شہری باز پرس کرے تو دکاندار گالی گلوچ لڑائی جھگڑے پر اترآتے ہیں ، مضر صحت مونگ پھلی کے استعمال کرنے کی وجہ سے شہری ، بزرگ ،خواتین سمیت معصوم بچے پیٹ اور گلے کے امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔