ضلع جہلم میں ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل، راجہ مختار احمد بلا مقابلہ صدر منتخب

0 37

جہلم: ضلع جہلم میں ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل، راجہ مختار احمد سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 کالا گوجراں بلا مقابلہ صدر منتخب، الیکشن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ضلع جہلم سیف انور ڈھلوں اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید ولایت اللہ شاہ کی خصوصی شرکت۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول کالا گوجراں نمبر 1 میں ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن ضلع جہلم کا الیکشن ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید ولایت اللہ شاہ نے بطور چیف پیٹرن شرکت کی،چیف ایگزیکٹو آفیسر ضلع جہلم ڈاکٹر سیف انور ڈھلو بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تمام معزز مہمانان گرامی کوجنرل سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب چوہدری وحید حیدر نے ادارہ ہذا میں گرم جوشی سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ویلکم کیا،مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے،اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے، الیکشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا، تلاوت کی سعادت انور سہیل ٹیچر ادارہ ہذا کو حاصل ہوئی،محبتوں کا ترانہ با حضور سرور کونین ﷺ سید شاہد اکرام نے پیش کرتے ہوئے تمام سامعین کے دلوں کو گرمایا۔

اجلاس کے آغاز پر سابق صدرا یسوسی ایشن ہیڈ ماسٹر چوہدری وحید جاوید نے2021 ،2020 کے لیے ایسوسی ایشن کے فنڈز اور اپنی خدمات کی تفصیل پیش کی، اس عمل میں سابقہ جنرل سیکرٹری راجہ اقرار نے ان کی معاونت کی۔

اس کے بعد ایسوسی ایشن کی صدارت 2021 ،2022 کے لیے ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول ٹاہلیاں والا سجیل خان نے راجہ مختار احمد ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول کالا گوجراں نمبر1 کا نام پیش کیا جس کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار کا نام نہ آیا اور اس طرح بلا مقابلہ راجہ مختار احمد کو ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن کا صدر اور پنڈدادنخان سے راجہ محمد اقرار کو بلامقابلہ جنرل سیکرٹری اور چوہدری محمد اشفاق ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول سعیلہ کو سینئر نائب صدر منتخب کرلیا گیا۔

تمام عہدیداران نے آپس میں مل کر اتحاد اور یکجہتی سے اساتذہ برادری کے مسائل حل کرنے اور ہم نصابی سرگرمیوں کی تکمیل اور انعقاد کے لیے مل جل کر آگے بڑھنے کا عند یہ دیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع جہلم سید ولایت اللہ شاہ نے اپنے خطاب میں تمام سربراہا ن ادارہ سے کہا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی جسمانی نشوونما کے لیے بھی ان کی کردار سازی کریں اور ان کو مثبت سرگرمیاں اپنانے کے لیے ادارہ جات کے گراؤنڈ کو آباد کیا جائے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ضلع جہلم سیف انور ڈھلوں نے اپنے خطاب میں کہا کی مسلسل محنت،مستقل مزاجی اور بلند حوصلے کے ساتھ تمام ادارہ جات کے سربراہوں کو قومی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اس طرح بہتر منصوبہ بندی کر کے تعلیمی عمل کے ساتھ ساتھ معاشرتی معاملات اور اخلاقیات کو ملحوظ رکھتے ہوئے اساتذہ اور طلباء کی رہنمائی میں تمام سربراہان اپنا مثبت کردار ادا کریں اور اپنے اپنے ادارہ جات کو وقت دیں تاکہ اخلاقی و معاشرتی نشوونما طلباء میں اجاگر ہو اور وہ معاشرے کے بہترین شہری بن سکیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.