جہلم میں گیس سلنڈروں کی ری فلنگ اور کھلا پٹرول فروخت کرنے کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا

جہلم: شہر اور گردونواح میں گیس سلنڈروں کی ری فلنگ اور کھلا پٹرول فروخت کرنے کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا، شہری عدم تحفظ کا شکار، سول ڈیفنس کے ذمہ داران کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح کے گنجان آباد علاقوںمیں غیر قانونی گیس ری فلنگ اور کھلے پٹرول کی فروخت کے دھندے کی وجہ سے شہریو ں کے سروں پر خطرات کے سائے منڈلانے لگے بغیر لائسنس متعدد پٹرول پمپس اورگیس سلنڈر ریفلنگ اور کھلا پٹرول سر عام فروخت کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔
سول ڈیفنس میں بھرتی کئے گئے افسران و ملازمین ماہانہ لاکھوں روپے سرکاری خزانے سے تنخواہوں کی مد میں وصول کر رہے ہیں ، سول ڈیفنس کے افسران و ملازمین کی پشت پناہی کی وجہ سے غیرقانونی کارروبار وسعت پکڑتا جا رہا ہے۔
شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں بااثر افراد پٹرول و گیس ریفلنگ کا دھندہ کرکے راتوں رات کروڑ پتی بننے کے خواب دیکھنے والے ملحقہ آبادیوں کے لئے بارود کے ڈپوؤں کی صورت اختیار کر چکے ہیں جس کیوجہ سے علاقہ مکینوں کے سروں پر موت کے سائے منڈلا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ سول ڈیفنس کے افسران و اہلکاروں کی عدم دلچسپی و سرپرستی کی وجہ سے بااثر افراد نے غیر قانونی کارروبار دیدہ دلیری کے ساتھ شروع کر رکھے ہیں، شہریوں نے ارباب اختیار سے گیس کی ریفیلنگ اور کھلا پٹرول فروخت کرنے والے افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔