جہلم میں لنگر پور روڈ پر دوران ڈکیتی 2 افراد کو قتل کرنے والے ڈکیت گینگ کے 4 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس کی بڑی کارروائی، دوہرے قتل میں مطلوب خطرناک ڈکیت گینگ کے چار ملزمان گرفتار کر لیے، ملزمان نے 3 جولائی کو لنگر پور روڈ پر ناکہ لگا کر شہریوں سے لوٹ مار کی اور ناکہ پر نہ رکنے کی وجہ سے موٹرسائیکل سوار دو نوجوانوں کو مسلح ڈکیتوں نے گولیاں مار کر قتل کردیا اور لوٹ مار کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ چاروں ملزمان نے دوہرے قتل کا اعتراف کر لیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل اور نقدی برامد کر لی گئی۔
ڈی پی او جہلم ڈاکٹر فہد احمد نے تھانہ صدر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 3 جولائی 2022ء کوعلاقہ تھانہ صدرجہلم میں رفاقت حسین ولد محمد اکرم سکنہ ڈھینڈہ بجاڑ تحصیل وضلع جہلم رات ساڑھے 11 بجے ہمراہ محمد عتیق بسواری موٹرسائیکل ڈہوک منور سے لنگر پور آرہے تھے اور ان کے پیچھے پیچھے محمد خالق، تنویر اختر بسواری موٹرسائیکل آرہے تھے، جب وہ ڈھیندہ گاؤں کے قریب پہنچے تو سامنے سے 4نامعلوم ملزمان مسلح ہائے پسٹل نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا۔
ڈی پی او جہلم نے بتایا کہ عتیق نے تھوڑا آگے جاکر بریک لگائی تو ملزمان نے فائر پسٹل کیے جورفاقت حسین اور محمد عتیق کو جسم کے مختلف حصوں پر لگے جس سے وہ مضروب ہوکر موٹرسائیکل سے گر گئے۔ نامعلوم ملزمان نے ان کا موٹرسائیکل، موبائل فون اور نقدی چھین لیے۔ محمد عتیق موقع پرہی جاں بحق ہوگیا جس پر مقدمہ نمبر 414 مورخہ 4 جولائی بجرم 394/302 ت پ تھانہ صدر درج ہوا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے بتایا کہ بعد ازاں زخمی رفاقت حسین بھی 3 اگست کو انہی ضربات کی تاب نہ لاکرجاں بحق ہو گیا، جو نامعلوم ملزمان کی ٹریسنگ اور گرفتاری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن جہلم کی سپر ویژن میں محمد سلیم خٹک ڈی ایس پی او صدر کی زیر نگرانی، عصمت محمود ایس ایچ او تھانہ صدر و دیگر افسران پر مشتمل ایک سپیشل ٹیم تشکیل دی گئی۔
ڈی پی او جہلم ڈاکٹر فہد احمد نے بتایا کہ سپیشل ٹیم نے ہیومن انٹیلی جنس اور جدیدٹیکنالوجی کا استعمال کر کے 17 ا کتوبر کو 4مشکوک افراد علیان اسحاق ولد محمد اسحاق قوم جٹ سکنہ سنگھوئی، محمد ناظم عرف علی ولدمحمد عظیم قوم کمہار سکنہ سنگھوئی، نزاکت حسین عرف بھولا ولد سلامت حسین قوم آرائیں سکنہ سنگھوئی اور محمد زوہیب الطاف عرف زیبی ولد محمد الطاف قوم راجپوت سکنہ کوٹ دھمیک تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم کو شناخت پریڈ کے لیے حوالات جوڈیشل بھجوایا۔
ڈاکٹر فہد احمد نے بتایا کہ 20 اکتوبرکو شناخت پریڈ کی کارروائی عمل میں لائی گئی، گواہان مقدمہ نے ملزمان کو درست شناخت کیا اور 24 اکتوبرکو ملزمان کا ریمانڈ جسمانی حاصل کیا گیا، دوران انٹیروگیشن ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والاا سلحہ 4عدد پسٹل معہ روند اور سرقہ شدہ شناختی کارڈ (مقتول) محمد عتیق، مسروقہ موٹر سائیکل کے سپئیر پارٹس اور چھینا گیا موبائل فون بھی بر آمد کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ڈی پی او جہلم نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ممبران کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام کا اعلان کیا۔