نیا بلدیاتی بل منظور، پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے سے گریزاں

جہلم: پنجاب حکومت نے نیا بلد یاتی بل الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق اسمبلی سے منظور کروالیا جس کا مطلب یہ ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی عملی تیاریاں شروع ہو چکی ہے، یہ الگ بات ہے کہ ملک میں اس وقت جو مجموعی سیاسی صورتحال ہے اس میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کا کوئی ماحول دکھائی نہیں دیتا۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی مسلسل تاخیر کی وجہ نہ صرف آئین شکنی ہے بلکہ بلدیاتی ادارے فعال نہ ہونے سے عوام کے نچلی سطح کے مسائل بجائے حل ہونے کے ان میں مزید تیزی اور شدت پیدا ہو رہی ہے جس کی وجہ سے عام آدمی میں بھی بے چینی بڑھ رہی ہے۔
اگر بلدیاتی انتخابات ہوئے تو ضلع جہلم سے پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی، تحریک لبیک سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کی کوشش ہوگی کہ بھاری اکثریت سے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی جائے اور ضلع کونسل، تحصیل کونسلوں اور یونین کونسلز میں ذمہ داریاں سنبھال کر عوامی خدمت کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔