گورنمنٹ جامع سکول جہلم میں آیوڈین کی کمی کے بارے میں سیمینار کا انعقاد

جہلم: آئیوڈین کی کمی سے ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اس سلسلے میں گورنمنٹ جامع سکول جہلم میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زونل منیجر ضمیر منہاس نے آئیوڈین کی کمی سے ہونے والی بیماریوں اور ان سے بچاؤ کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی۔
ان بیماریوں میں گلہڑ، سٹنٹنگ، (عمر کے اعتبار سے قد کا نہ بڑھنا) ویسٹنگ، (قد کے اعتبار سے وزن کا نہ بڑھنا) دماغی صلاحیت میں کمی، جسمانی نشوونما میں کمی، بونا پن، بہرہ پن اور مردہ بچے کی پیدائش وغیرہ شامل ہیں۔ سکول کے تقریباً 550 بچوں کو گھر میں آئیوڈین ملا نمک استعمال کرنے کے بارے میں ترغیب دی گئی تاکہ ان بیماریوں سے بچا جاسکے۔
سکول کے پرنسپل اسد نعیم منوچہر اور تمام اساتذہ کرام نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر میں بھی اس موضوع پر دو سیشن منعقد کیے گئے جس میں ڈاکٹر میاں مظہر حیات سی ای او ہیلتھ، ڈاکٹر وسیم اقبال پروگرام ڈائریکٹر، ڈاکٹر جواد احمد ڈی سی آئی آر ایم این سی ایچ، ڈاکٹرز، لیڈی ہیلتھ سپروائزرز اور پیرامیڈیکس نے شرکت کی۔