محکمہ صحت کی بھرپور کوششوں سے جہلم کئی سالوں سے پولیو فری ضلع چلا آ رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ

جہلم: ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے یونیسیف اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جہلم کے باہمی اشتراک سے ضلع کونسل ہال میں آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ نے کی۔
ان کے ہمراہ ڈاکٹر میاں مظہر حیات چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ جہلم,ڈاکٹر سیف اللہ ڈھلو سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جہلم, ڈاکٹر وسیم اقبال اے پی ایم او، ملک سبطین اعوان ڈی ایچ سی ایس او کام نیٹ، ضمیر حسین منہاس زونل سپروائزر نیوٹریشن انٹرنیشنل کے علاوہ محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور دیگر لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
پولیو ڈے کے حوالے سے تعارفی خطاب کرتے ہوئے ملک سبطین اعوان نے کہا کہ آج کا دن منانے کا مقصد یہ ہے کہ پولیو کے خلاف جہاد میں تمام لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، انہوں نے تمام شرکاء کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی بھرپور کوششوں سے جہلم کئی سالوں سے پولیو فری ضلع چلا آ رہا ہے، پولیو جیسے موذی مرض سے مقابلہ صرف ویکسشن کی مدد سے کیا جا سکتا ہے۔ پولیو ورکرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم میں پولیو کا کوئی کیس نہیں نکلا اور یہ پولیو ورکرز کی محنت کا نتیجہ ہے۔
سیمینار کے اختتام پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیو ورکرز کو تعریفی اسناد اور شیلڈ دی گئیں اور ضلع کونسل ہال سے کچہری چوک تک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔