سول ہسپتال جہلم کے باہر غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ قائم، ایمبولنسز اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے باہر غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ قائم، ہسپتال میں آنے والی ایمبولنسز و مریضوں کو مشکلات کا سامنا ، شہریوں کا ڈی پی او سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے داخلی گیٹ کے ساتھ غیر قانونی چنگ چی رکشہ ، ویگن اسٹینڈ قائم ہوچکا ہے جس سے مریضوں اور ہسپتال میں آنے والی ایمبولنسسز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ داخلی گیٹ کے باہر کھڑے ہونے والے رکشوں و ویگنوں کے ڈرائیورز کو اگر ہسپتال میں آنے والے مریض رکشے ہٹانے اور رستہ کھولنے کا مطالبہ کریں تو رکشہ و ویگن ڈرائیورز گالی گلوچ، ہاتھا پائی پر اتر آتے ہیں۔
چند ماہ قبل تک ہسپتال کے داخلی گیٹ پر ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات ہوتے تھے۔ اب نامعلوم وجوہات کی بناء پر قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک نے ہسپتال کے مین گیٹ پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے ٹریفک پولیس کے ملازمین کی ڈیوٹیاں ختم کر دی ہیں جس کیوجہ سے ہسپتال آنے جانے والے مریضوں اور ایمبولنسسز کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ تاہے۔
مریضوں اور ان کے لواحقین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ، قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کے داخلی دروازے پر ٹریفک پولیس کے ملازمین تعینات کئے جائیں تاکہ مرکزی دروازے کے باہر قائم ہونے والے غیر قانونی رکشہ و ویگن اسٹینڈ کا خاتمہ ہو سکے اور مریضوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔