ضلع جہلم کے عوام چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی کال کے منتظر ہیں۔ چوہدری فراز حسین

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ ضلع جہلم کے عوام چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی کال کے منتظر ہیں قیادت کی جانب سے جب بھی لانگ مارچ کی کال آئی تو عوام کا جمِ غفیر اس مارچ میں شریک ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر میں جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم حقیقی آزادی کیلئے پوری طرح تیار ہے اور عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ضمنی الیکشن میں قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عمران خان کو اپنا لیڈر مانتے ہیں، کسی کرپٹ امپورٹڈ حکمران کو تسلیم نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے آمدہ انتخابات میں درست امیدواروں کا انتخاب کیا تو پی ٹی آئی کا کوئی بھی راستہ نہیں روک سکے گا انہوں نے کہا کہ این اے60/61 کے عوام ملک کو حقیقی آزادی دینے کیلئے بے تاب ہیں۔ لانگ مارچ کی کال آنے پرضلع جہلم کے غیور عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر لانگ مارچ کا حصہ بنے گااور ملک وقوم کو کرپٹ عناصر سے آزادی دلوائیں گے۔ این اے60/61 کے عوام عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہو گیا ہے کہ وطن عزیز کے عوام حکمرانی کا تاج عمران خان کے سر پہنانا چاہتے ہیں مگر امپورٹڈ حکمران ہیں کہ عام انتخابات سے مسلسل بھاگ رہے ہیں ،انہوں نے ضلع جہلم کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بتایا کہ 13 جماعتوں کو عوام نے ڈنکے کی چوٹ پر مسترد کر دیا جو 1988 سے ملک پر حکمرانی کرتے چلے آ رہے ہیں اور جنہوں نے ملک کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ہے۔
چوہدری فراز حسین نے کہا کہ اگر حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ عمران خان کی مقبولیت میں کمی آئے گی تو ضمنی انتخابات سے ان کی آنکھیں کھل جانی چاہیں عمران خان بلا شرکت غیرے پاکستان کے واحد مقبول ترین لیڈر بننے سے دنیا کی کوئی طاقت انہیں کامیابی سے نہیں روک سکتی اور عام انتخابات کے بعد انہیں بھاری اکثریت سے وزیراعظم منتخب کیا جائے گا۔