ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ نعمان حفیظ

0 9

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، قانون پر عملدرآمد نہ کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحفظ ماحولیات کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات اظہار احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات اور ایس ڈی او فاریسٹ وقاص شاہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحفظ ماحولیات سے متعلق 11 کیسز زیر غور لائے گئے جن میں سے 10 کیسز کو نامکمل کوائف کی بنا پر فیصلہ ملتوی کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ غیرقانونی کرش پلانٹس کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے، این او سی کے بغیر کسی کرش پلانٹ کو چلنے نہ دیا جائے، انہوں نے کہا کہ سموگ انتہائی خطرناک ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے سموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے جس کے باعث سموگ کی وجہ بننے والی تمام سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے کے ساتھ مقدمات کا اندراج کروایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرش پلانٹس کے آپریشنل این او سی اس وقت تک جاری نہیں کیے جائیں گے جب تک وہ تمام قانونی قوائد و ضوابط پورے کرنے کے ساتھ 5 ہزار پودے اور کرش پلانٹس سے اٹھنے والی دھول اور مٹی کو روکنے کے لیے ویٹ سکربنگ لگائے تاکہ دھول اور مٹی ہوا میں شامل ہو کر ماحولیاتی آلودگی کا باعث نہ بنے، اس حوالے سے محکمہ فاریسٹ اور ماحولیات فیلڈ وزٹ کے بعد سرٹیفکیٹ جاری کرے، اسی کرش پلانٹس کو چلانے کی اجازت دی جائے گی جو تمام شرائط و ضوابط پر پورا اتریں گے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.