چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم کا دورہ

جہلم: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم کا دورہ کیا۔
اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان، جسٹس چوہدری عبدالعزیز، ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ،ڈی پی او جہلم اور جہلم بار ایسوسی ایشن کے ممبران بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ چیف جسٹس نے جہلم ڈسٹرکٹ بار ایسوی ایشن کی نئی بننے والی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے کہا کہ وکلا کو جو مسائل درپیش ہیں انکو جلد دور کیا جائے گا، وکلاء بار روم اور لائبریری کے لیے جتنے فنڈز درکار ہونگے وہ ہم مہیا کریں گے، اکٹھے مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا بہت اچھا اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلا بلاوجہ ہڑتال سے گریز کریں، ہمارے پاس سول ججوں کی تعداد کم ہے، وکلا مقابلے کا امتحان پاس کر کے آئیں، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ جج سے رہنمائی حاصل کریں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سائلین کو قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔