جہلم کی زمین بہت زرخیز جہاں سے چیف جسٹس، گورنر اور جسٹس پیدا ہوئے۔ چیف جسٹس امیر احمد بھٹی

جہلم: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر احمد بھٹی نے جہلم میں سابق گورنر پنجاب الطاف حسین مرحوم کے نام سے منسوب وکلاء کے نئے چیمبرز کے بلاک کا افتتاح کیا ہے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے وکلاء کو آئے روز ہڑتالیں کرنے کی بجائے کلائنٹس کے کیسوں پر توجہ دینا کا مشورہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز جہلم میں سابق گورنر پنجاب چوہدری الطاف حسین مرحوم کے نام سے منصوب بلاک میں وکلاء کیلئے بننے والے نئے چیمبرز کا افتتاح چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر احمد بھٹی نے کیا، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم کے زیر اہتمام تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں جسٹس صاحبان، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم، ایڈیشنل سیشن جج صاحبان، سول ججز، ممبران پنجاب بار کونسل، وکلاء، ڈاکٹرز ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود تھے، صدر جہلم بار ایسوسی ایشن چوہدری عبداللطیف اور جنرل بار سیکرٹری سید جرار حیدر نے میزبانی کے فرائض سرانجام دئیے اور اپنے مسائل سے چیف جسٹس کو آگاہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ لاہور امیر احمد بھٹی نے کہا کہ جہلم کی زمین بہت زرخیز جہاں کے رہنے والے چیف جسٹس، گورنر اور جسٹس پیدا ہوئے ہیں۔
وکلاء کو مشورہ دیتے ہوئے چیف جسٹس نے کہاکہ ہڑتالیں مسائل کا حل نہیں ہوتا جس سے آپ کو مسئلہ ہو آپ پہلے ان سے رابطہ کیا کریں کسی اور سے جھگڑا ہونے پر اپنے گھر کو آگ نہیں لگانی چاہیے، چیف جسٹس نے وکلاء کو ججز کے کورس کرنے کا بھی کہا ہے۔
تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ بار جہلم کی طرف سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر احمد بھٹی اور جسٹس صاحبان کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔