ٹرانس جینڈر ایکٹ سے ہم جنس پرستی کو فروغ ملے گا۔ خواجہ سراء لبنیٰ لال

جہلم شہر سمیت ملک بھر کے خواجہ سراؤں نے ٹرانس جنڈر ایکٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ایکٹ سے ہم جنس پرستی کو فروغ ملے گا، خواجہ سراؤں کو تعلیم ، صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا تحفظ آئین پاکستان دیتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار خواجہ سرا ء لبنیٰ لال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکس کارڈ کیوجہ سے خواجہ سراؤں کو حج اور عمرے کی اجازت نہیں دی جارہی ،لہٰذا خواجہ سراؤں کے لئے ایکس کارڈ کو ختم کرکے سادہ کارڈ جاری کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو ان کے والدین بھی قبول نہیں کرتے اور انہیں مظلوم بنا کر پیش کیا جاتا ہے ، اگر خواجہ سراؤں کیخلاف مانگنے پر مقدمات بن سکتے ہیں تو ان لوگوں پر بھی کیس بننے چاہئیے جو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سمیت دیگر مالیاتی اداروں اور یورپین ممالک سے امداد مانگنے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سراؤں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں ہماری شرعی حیثیت کو بحال کیا جائے اور ٹرانس جینڈر ایکٹ کو ختم کیاجائے۔