ریلوے حکام نے جہلم تا لاہور اور جہلم تا راولپنڈی کے کرایوں میں مزید اضافہ کر دیا

جہلم: ریلوے حکام نے جہلم سے لاہور کا کرایہ 500 روپے کردیا، باقی ٹرینوں کے کرایوں میں بھی اضافے سے مسافروں و مقامی تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا، مقامی حلقوں کی جانب سے حکومت پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام نے 15 اکتوبر سے جہلم تا لاہور اور جہلم تا راولپنڈی کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ قبل ازیں لاہور کا کرایہ 350 روپے مقرر تھا جو چند دن قبل بڑھا کر 500 روپے کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ کر ایوں میں اضافہ کرتے ہوئے اسکو بڑھا کر 500 روپے کردیا گیا جس سے جہلم سے لاہور جانیوالے مسافروں و تاجروں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دوسری جانب مقامی تاجر برادری بھی ریلوے کی اس زیادتی کی وجہ سے سخت نالاں ہو چکی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ہر روز اشیاء کی قیمتوں میں من مرضی کا اضافہ کر رہی ہے پچھلے چند یوم میں ریلوے انتظامیہ نے 2 مرتبہ کرایوں میں اضافہ کر کے تاجروں کی مشکلات میں اضافہ کیاہے جس کا سارا بوجھ صارفین نے برداشت کرنا ہے ۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پہلے ہی کارروبار ٹھپ ہو چکے ہیں کرایوں میں مزید اضافے سے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا جس سے کارروباری افراد مشکلات میں مبتلا ہوں گے۔
شہریوں اور تاجروں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ کرایوں سمیت اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ کارروبار سے منسلک افراد اپنے کارروبار جاری رکھ سکیں۔