فوڈ اتھارٹی کی جہلم میں کارروائیاں، 2 من سے زائد پھپھوندی زدہ اچار اور مربہ تلف کر دیا

جہلم: خوراک میں جعل سازی کرنیوالوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری، 2 من سے زائد پھپھوندی زدہ اچار اور مربہ تلف کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہر کے علاقہ محلہ بابا مہدی شاہ میں 300 کلو اچار اور مربے کا معائنہ، 2 من سے زائد پھپھوندی زدہ اچار اور مربہ تلف کر دیا،ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں بابا مہدی شاہ روڈ پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
باسی اور غیر معیاری اچار کو دلکش پیکنگ میں فروخت کیا جا رہا تھا۔موقع پر اچار کی خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ موجود نہ تھا، جس پر نوٹس لیتے ہوئے جعل سازی کے مرتکب پروڈکشن یونٹ کے مالک کو 25 ہزارروپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔