جہلم میں قائم درجنوں بھکاری خیمہ بستیوں میں مقیم بھکاریوں نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں

جہلم: شہر اورگردونواح میں عرصہ سے قائم درجنوں بھکاری خیمہ بستیوں میں مقیم بھکاریوں نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں، شہر یوں کا اعلی احکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر و مضافاتی علاقوں میں قائم خیمہ بستیوں میں بھیک مانگنے والوں میں ہر عمر کے مرد و خواتین شامل ہیں، جو طلوع آفتاب کے وقت ٹولیوں کی صورت میں شہر کا رخ کرتے ہیں اور یہ بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ بھکاری حضرات منشیات فروخت کرنے کے گھناؤنے دھندے میں بھی ملوث ہیں۔
ان بھکاریوں کی خیمہ بستیوں کے باعث شہر میں جرائم کی شرح میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، ان بھکاری خیمہ بستیوں کے مکین افراد نے نیو برانڈ کے اعلی قیمتی موٹر سائیکل اور گاڑیاں، رکشے، لوڈرز وغیرہ رکھے ہوئے ہیں، دوسری جانب ان کے بچے اور خواتین پورا دن بھیک مانگنے کے ساتھ ساتھ جسم فروشی کا دھندہ بھی کرتی ہیں جبکہ وہ خودان خیموں میں بیٹھے جوئے کی بازیاں لگاتے دکھائی دیتے ہیں۔
شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر بھکاری خیمہ بستیوں میں آپریشن کروائے جائیں اور جرائم میں ملوث بھکاریوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔