جہلم میں حضرت امام حسین ؑ کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

جہلم میں حضرت امام حسین ؑ اور شہدائے کربا کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جہلم شہر میں شہدائے کربلا کے چہلم کے حوالے سے کل 5 جلوس بر آمد ہوئے۔
پہلا جلوس بر مکان بشیر حسین علوی (مرحوم) مشین محلہ نمبر 3 جہلم سے بر آمد ہوا۔ دوسرا جلوس سید علی کوثر زیدی مشین محلہ نمبر 2 جہلم سے برآمد ہوا۔ تیسرا جلوس سید محمد باقر نقوی ایڈووکیٹ امام بارگاہ جعفریہ مشین محلہ نمبر 2 جہلم سے برآمد ہوا۔ چوتھا جلوس بر مکان غلام رضا اور راجہ منیر چٹائی بازار جہلم سے برآمد ہوا جبکہ پانچواں جلوس نوازش علی جعفر قریشی بیٹھک شیخ مراد بخش سے بر آمد ہوا۔
بیٹھک شیخ مراد بخش سے اکٹھے ہو کر ایک بڑے جلوس کی شکل میں سول لائن روڈ سے شاندار چوک، تحصیل روڈ، مین بازار، کناری بازار، چوک اہل حدیث اور ٹویا محلہ سے ہوتا ہوا بیٹھک شیخ مراد بخش پر اختتام پذیر ہوا۔
منعقدہ جلوسوں کی سیکورٹی کے حوالے سے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ تمام جلوسوں کی سیکورٹی کی اوور آل سپرویژن ڈاکٹر انعم فریال ایس پی انوسٹی گیشن جہلم نے کی۔ ایس پی انوسٹی گیشن جہلم کی معاونت اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کے لیے محمد تفسیر ملک ڈی ایس پی سٹی سرکل، محمد سلیم خٹک ڈی ایس پی صدر سرکل اور ملک عقیل عباس ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز نے سپر ویژن کی۔
چہلم میں 550 سے زائد پولیس افسران و ملازمان نے ڈیوٹی سر انجام دی۔اس سلسلہ میں سیکورٹی پلان میں بائے نیم ڈیوٹیز لگائی گئیں۔ علاوہ ازیں جلوسوں کے گرد و نواح میں پٹرولنگ کے موثر نظام کے لیے 4 ایلیٹ سکیشنز اور رینجر پولیس کے دستے بھی تعینات کئے گئے جو جلوس کے اختتام تک آن ڈیوٹی رہے۔جلوسوں کے مقررہ راستوں کی بلند عمارات پر سنائپرزبھی تعینات کیے گئے۔
لمحہ با لمحہ کی صورتحال سے آگاہ رہنے کے لیے سپیشل کنٹرول روم بھی قائم کیا گیاتھا۔ منتظمین/ لائسنس داران نے پروگرامز میں شمولیت اختیار کرنے والے زائرین کی باڈی سرچ کے لیے اپنے رضا کار تعینات کیے جن کے سیکورٹی کور کے لیے پولیس کے مسلح جوان موجود تھے۔تمام جلوسوں کی نگرانی بذریعہ سی سی ٹی وی کیمرہ جات سے کی گئی۔
جلوسوں کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹ اور بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر چیکنگ کا عمل سرانجام دیا گا۔شہدائے کربلا کے چہلم کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس جہلم کی جانب سے فورتھ شیڈول میں درج اشخاص کی کڑی نگرانی کی گی۔عوامی و سماجی حلقوں نے سیکورٹی کے بہترین انتظامات پر ڈسٹرکٹ پولیس جہلم کو خراج تحسین پیش کیا۔