جہلم شہر کے گلی محلوں میں بڑھتی ہوئی تجاوزات نے شہر کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا

0 16

جہلم: شہر کے گلی محلوں میں بڑھتی ہوئی تجاوزات نے شہر کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا، بازاروں اور سڑکوں کے گرد غیر معمولی تجاوزات کے سامنے میونسپل کمیٹی نے آنکھیں بند کر لیں، شہری اذیت میں مبتلا، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف مہم بری طرح ناکام ہو گئی، میونسپل کمیٹی کے انکروچمنٹ عملہ کی مکمل چشم پوشی کی وجہ سے یادگار میجر اکرم شہید (نشانِ حیدر) شاندار چوک، محمدی چوک، روہتاس روڈ چوک، قبرستان چوک، چوک گنبد والی مسجد، جادہ چوک، بلال ٹاؤن، کالا گجراں سمیت شہر کی سڑکوں کے دونوں اطراف بااثر قبضہ مافیا نے ریڑھیاں کھڑی کر کے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔

سڑکوں کے اردگرد قائم تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہو چکا ہے، تجاوزات مافیا اور شہریوں کے مابین لڑائی جھگڑے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے ایسا محسوس ہو تاہے کہ جیسے شہر میں تجاوزات مافیا نے کنٹرول سنبھال کر جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے۔

شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف چشم پوشی کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے اندرون شہر و ملحقہ آبادیوں میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کروایا جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.