بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے خاتمے کا حکومتی اعلان بھی دھوکہ ثابت ہوا ہے۔ خلیل کاظمی

جہلم: شہر کی معروف سماجی و مذہبی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے خاتمے کا حکومتی اعلان بھی دھوکہ ثابت ہوا ہے، غریب اور متوسط طبقے کے صارفین کے بجلی کے بلوں میں ہزاروں روپے فیول ایڈجسٹمنٹ اور دیگر ٹیکسسز کی مد میں موصول ہو رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ انجمن تعلیم الاسلام شمالی محلہ جہلم میں جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ بجلی کے بلوں میں جی ایس ٹی، انکم ٹیکس اور ٹی وی ٹیکس کے نام پرصارفین کو جرمانے کیے جائیں،عام آدمی ڈیڑھ ہزار کی بجلی استعمال کر تا ہے تو اس کا بل 10 ہزار سے زائد بھیج دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی عہدیداروں، وزرا، بیورو کریسی کے بجلی کے بل بھی غریب عوام سے وصول کئے جا رہے ہیں،بے حس حکومت بجلی، گیس اورپٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور بے جا ٹیکسز کا نفاذ آئی ایم ایف کے دباؤ پرعائد کر رہی ہے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا پی ڈی ایم کی نااہلی کیوجہ سے وطن عزیز مسائلستان میں تبدیل ہو چکا ہے۔ وسائل سے مالامال 22کروڑ عوام کے ایٹمی پاکستان کی معاشی بدحالی کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں۔
انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف ،چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ نااہل حکمرانوں کو فی الفور حکومت سے الگ کیا جائے تاکہ ملک کو مزید معاشی بدحالی کی دلدل میں دھنسنے سے بچ سکے۔