جہلم میں پیناڈول گولیاں نایاب، محکمہ صحت کے افسران بھی میٹھی نیند سو گئے

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں پینا ڈول گولیاں نایاب ہو گئیں، متعدد میڈیکل اسٹورز پر پینا ڈول گولیاں دستیاب نہیں جبکہ چند ایک میڈیکل اسٹورز مالکان 30 سے 40 روپے میں 10 ٹیبلٹس کا پتہ فروخت کر رہے ہیں، چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا، محکمہ صحت کے افسران بھی میٹھی نیند کے خراٹے لینے میں مگن ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جس طرح کورونا وائرس کی وباء پہلے پھیلی اس وقت بھی پینا ڈول گولیاں نایاب ہو گئیں تھیں جبکہ اس کے ساتھ ہی پینا ڈول گولیاں بھی مارکیٹ سے سوچی سمجھی سازش کے تحت غائب کر دی گئی ہیں اور فارماسوٹیکل کمپنیوں کے مالکان نے اس کی مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے، جس سے پینا ڈول ٹیبلٹ بلیک میں فروخت ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
مارکیٹ کے ہول سیلرز نے باقی میڈیسن کو پینا ڈول کے ساتھ مشروط کر دیا، یعنی 10سے 15 ہزار کی دوسری میڈیسن لینے والوں کو پینا ڈول گولیاں دی جا رہی ہیں۔
اس سلسلے میں جب بیشتر میڈیکل سٹورز کا دورہ کیا گیا تو متعدد میڈیکل اسٹورز پر پینا ڈول ٹیبلٹس موجود ہی نہیں اور میڈیکل اسٹور ز مالکان کا کہنا ہے کہ شہر میں پینا ڈول کی قلت پیدا ہو چکی ہے اور ہمیں اس کی سپلائی نہیں ہو رہی۔
شہریوں نے محکمہ صحت کے ضلعی افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے میڈیکل اسٹورز پر پینا ڈول گولیاں دستیاب کروائی جائیں تا کہ بوقت ضرورت مریض پینا ڈول کا استعمال کر کے تکلیف سے نجات حاصل کر سکیں۔