چہلم امام حسینؑ؛ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ نعمان حفیظ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیرصدارت چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری محمد عارف، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر فہد احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو، اسسٹنٹ کمشنر جہلم، امن کمیٹی کے ممبران سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ چہلم کے حوالے سے مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کیلئے مربوط حکمت عملی سے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی و سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کیلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سنٹر میں کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا جہاں تمام متعلقہ محکموں کے نمائندے موجود ہوں گے، سبیل لگانے والوں اور سیکیورٹی کے لیے مامور رضاکاروں کو سیکیورٹی کارڈ ایشو کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لائسنس ہولڈر کے بغیر جلوس اور مجالس منعقد کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع جہلم کو امن و امان کا گہوارہ بنائے رکھنے کیلئے ضلعی امن کمیٹی جہلم کے تمام اراکین کا انتظامیہ کے ساتھ تعاون ہمیشہ مثالی رہا ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام امن و امان سے گزرے گا۔
اجلاس کے اختتام پر ملک میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔