ڈسپیرٹی الاؤنس کی عدم ادائیگی، جہلم میں ٹیوٹا ملازمین کا پرامن احتجاج، ریلی نکالی

0 7

جہلم: ڈسپیرٹی الاؤنس کی عدم ادائیگی پر پنجاب بھرکے ٹیوٹا ملازمین کا مسلسل 23 سویں روز بھی پرامن احتجاج جاری رہا، ضلع بھر کے تمام ٹیکنیکل اداروں کی جہلم پریس کلب سے ڈپٹی کمشنر دفتر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ وکلاء برادری کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔

ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود 25فیصد اور 15 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ضلع جہلم کے تمام اداروں بشمول گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی چک دولت جہلم، گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی پنڈدادنخان جہلم، گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ تحصیل روڈ جہلم اور ٹیوٹا ڈائریکٹوریٹ جہلم کے اساتذہ اور دیگر ملازمین نے مسلسل23 ویں روز بھی شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے جہلم پریس کلب سے ڈپٹی کمشنر دفتر تک احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔

پنجاب بھر کے ٹیوٹا ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال اور سرکاری سرگرمیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کررکھا ہے۔ ٹیوٹا ملازمین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے جہلم بار کے سینئر وکلاء حافظ مجتبیٰ چودھری،تصدق چودھری اور ایڈووکیٹ اسلم چودھری نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وقت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ٹیوٹا ملازمین کو فی الفور ریلیف مہیا کرے۔

اس موقع پر ملازمین کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں تنخواہ دار طبقے کا گزر بسر محال ہو چکا ہے جبکہ پنجاب گورنمنٹ اور ٹیوٹا انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے ملازمین شدید ترین معاشی گرداب میں پھنس چکے ہیں اور نوبت فاقوں تک آن پہنچی ہے۔

ملازمین نے وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا کے زیر انتظام کام کرنے والے اداروں کے اساتذہ اور دیگر ملازمین کی مشکلات کے پیش نظر فی الفور اقدامات کیے جائیں اور انھیں ذہنی و معاشی کرب سے نکالا جائے تا کہ تدریسی و سرکاری سرگرمیاں بھر پور طریقے سے شروع ہو سکیں۔

یاد رہے کہ ٹیوٹا ملازمین نے مطالبات کے منظور نہ ہونے کی صورت میں اداروں کی تالا بندی کا اعلان کر رکھا ہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.