جہلم چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کا خیرپور میں متاثرین سیلاب کیلئے دو روزہ میڈیکل کیمپ کا انعقاد

جہلم چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کاضلع خیرپورسندھ میں متاثرین سیلاب کیلئے دو روزہ میڈیکل کیمپ ،سینئرڈاکٹرزنے مریضوں کافری معائنہ کیا اورلاکھوں روپے کی خطیر رقم کی ادویات دی گئیں،جو کہ جہلم چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرعمرمشتاق برگٹ نے اپنی گرہ سے فراہم کیں۔
تفصیلات کے مطابق 7 ،8 ستمبر 2022 کو جہلم چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام خیرپورسٹی سے ملحقہ متاثرہ آبادیوں اور ضلع خیرپورکے ہی قصبہ گمبٹ میں میڈیکل کیمپ لگائے گئے پہلے روز خیرپورچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد بشیر آرائیں اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کی خاتون رہنما اور سابق نائب صدرسندھ ایف پی سی سی آئی شبنم ظفرکی نشاندہی پرخیرپورسٹی سے ملحقہ دیہاتوں کے متاثرین کیلئے میڈیکل کیمپ لگایاگیا۔
مچھروں کی بہتات اور دو سے زیادہ ہفتے گزرجانے کے بعد بھی کئی کئی فٹ پانی کھڑاہونے کیوجہ سے پھیلنے والی بیماریوں سے متاثرہ مریضوں کواس کیمپ میں نہ صرف مفت معائنہ کی سہولت دی گئی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی دی گئیں اس کیمپ میں 7 سو مریض مستفید ہوئے جہلم کے مسیحا سینئر ڈاکٹرز ڈاکٹر شہزانہ امتیاز، ڈاکٹر عبدالغفور ملک، ڈاکٹر شیبا اکرم ہاشمی نے کئی گھنٹوں تک مریضوں کامعائنہ کیا۔
اس کیمپ میں میاں محمدبخش ٹرسٹ جہلم اورپی ایم اے جہلم کاجہلم چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کاخصوصی تعاون رہا،خیرپورسٹی کے شہری سماجی حلقوں نے پنجاب سے آئے ہوئے ڈاکٹرزکی خدمات کوسراہا اور جہلم چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرعمرمشتاق برگٹ کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے سندھی بھائیوں سے جومحبت کی مثال قائم کی ہے اسے ہمیشہ یادرکھاجائے گا۔
اس موقع پرعمرمشتاق برگٹ نے کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں ہم سب پاکستان ہیں اورہم اس سلسلہ کوجاری رکھیں گے اسی طرح 8 ستمبرکوگمبٹ میں میڈیکل کیمپ منعقد کیاگیا،اس کیمپ سے بھی 4 سوکے قریب مریضوں نے استعفادہ حاصل کیا۔جبکہ اس کیمپ کیلئے خیرپورکے ڈاکٹرزنے خدمات سرانجام دیں اورتمام اخراجات جہلم چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے ذمہ لئے ان دونوں میڈیکل کیمپس پردس لاکھ روپے کی ادویات صدرعمرمشتاق برگٹ نے عطیہ کیں۔