جہلم میں تجاوزات کی بھرمار نے خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کیلئے مشکلات کھڑی کر دیں

0 11

جہلم:شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار نے خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کے لئے مشکلات کھڑی کر دیں، تجاوزات مافیا نے اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں۔

بااثر افراد نے میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کے اہلکاروں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر لیا، جو تجاوزات مافیا کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں اور پراسرار طور پر آنکھیں بند کررکھی ہیں ، تجاوزات قائم ہونے سے سڑکوں کی کشادگی کم ہو گئی، ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے، پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا، تجاوزات کی وجہ سے میونسپل کمیٹی کو سالانہ ٹیکس کی مد میں لاکھوں روپے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے بازاروں جن میں نیا بازار ، مین بازار، کناری بازار، بانو بازار، دلہن بازار سمیت شاندار چوک، چوک گنبد والی مسجد، روہتاس روڈچوک، محمدی چوک، میجر اکرم شہید، قبرستان چوک کچہری چوک ، بلال ٹاؤن، کالا گجراں میں ریڑھیوں پر مختلف اشیاء فروخت کرنے والوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہے۔

یہ لوگ سڑک کے دونوں اطراف ریڑھیاں ، لوڈر رکشے کھڑے کرکے سڑکوں کو بند کرتے ہوئے اپنی اشیاء فروخت کرنا شروع کر دیتے ہیں جس سے سڑک کی کشادگی کم ہو جاتی ہے اور ان سڑکوں، چوک چوراہوں میں ٹریفک کا جام رہنا معمول بن چکا ہے جبکہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسداد تجاوزات کا عملہ تجاوزات کو ختم کرنے کے لئے آنکھوں میں دھول جھونکتا دکھائی دیتا ہے ، اس طرح فوٹو سیشن کے بعد اہلکاروں کی سرپرستی میں دوبارہ سے تجاوزات قائم کر لی جاتی ہیں۔

سڑک پر سے گزرنے والے معمر شہریوں، خواتین ، بچوں کو سڑکوں پر قائم ہونے والی تجاوزات کیوجہ سے آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگر کوئی شخص تجاوزات قائم کرنے والے افراد کو راستہ کھولنے کے بارے کہے تو مافیا گالی گلوچ، ہاتھا پائی، لڑائی جھگڑا کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ شہر کی سڑکوں پر قائم ہونے والی تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے تاکہ شہر کی سڑکیں، بازار، چوک چوراہے کشادہ ہو سکیں ریڑھی بانوں اور لوڈر رکشے جمعہ بازار مشین محلہ نمبر 2 میں منتقل کیے جائیں تا کہ شہر میں قائم ہونے والی تجاوزات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.