ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

جہلم: ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا جس کی مرکزی تقریب میجر اکرم شہید پارک میں منعقد ہوئی، اعلی فوجی اور سول افسران کی میجر اکرم شہید کی یادگار پر سلامی۔
تفصیلات کے مطابق1965ء کی جنگ میں ملک کا دفاع کرنے اور دنیا میں ٹینکوں کے سب سے بڑے حملے کو ناکام بنا کر ملک کی سرحدوں کی حفا ظت کرنے والے شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جہلم شہر میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
میجر اکرم شہیدپارک میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی اسٹیشن کمانڈر جہلم تھے۔ ان کے ہمراہ ڈی سی جہلم نعمان حفیظ، اے ڈی سی آر بابر شہاب دین، اے سی جہلم شیزا رحمان، ڈی پی او جہلم ڈاکٹر فہد احمد کے علاوہ شہید میجر اکرم کے بھائی ملک محمد حفیظ بھتیجے ملک شہباز علی اور اہل خانہ بھی موجود تھے۔ تقریب میں میجر اکرم شہید کی بٹالین 5 ایف ایف ریفلز نے یادگار پر پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی گئی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی نے کہا کہ ملک کی خاطر جانوں کی قربانی دینے والے شہیدوں کی جانوں کے صدقے آج ملک میں کروڑوں لوگ آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ آج ہم 1965ء کی جنگ کے تمام شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
میجر اکرم شہید نے 1965ء کی جنگ میں بطور کپتان جس طرح بھارتی حملہ آوروں کو شکست دی اور غازی کا اعزاز حاصل کرکے ضلع جہلم کانام ملک کی تاریح میں ہمیشہ کے لئے امر کر دیا۔جہلم گریزن کی جانب سے میجر اکرم شہید کے اہل خانہ کو خصوصی پرٹوکول دینے کے ساتھ تحائف بھی پیش کئے گئے۔