جہلم فورم کی جہلم برانچ کی جانب سے سیلاب سے متاثرین کے لیے امدادی کیمپ کا انعقاد

0 11

جہلم کی انتہائی فعال اور سرگرم فلاحی تنظیم ”جہلم فورم جہلم برانچ”نے ملک بھرمیں سیلاب سے متاثرین کی امداد کے لیئے شاندار چوک میں ایک امدادی کیمپ لگایا ہوا ہے جس میں لوگ جوق در جوق سیلاب سے متاثرین کے لئے راشن، پانی کی بوتلیں، نقد رقوم غرضیکہ ضروریاتِ زندگی کی ساری اشیاء وافر مقدار میں جمع کروا رہے ہیں۔

جہلم فورم جہلم برانچ کے تقریباً سارے سینیئر عہدیداران صبح سے لے کر رات گئے تک اس کیمپ میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ جہلم فورم کے میل ونگ میں ڈاکٹر عصمت جاوید، سید طاہر محمود شاہ، فرشاد کیانی، طاہر برلاس، رفعت کیانی، محمد ارشد احمد مرزا، چوہدری غلام احمد زمرد، کرنل (ر) محمد عبید مرزا اور دیگر عہدیداران اس امدادی کیمپ میں موجود ہیں جبکہ لیڈیز ونگ کے عہدیداران میں رشیدہ عزیز، سیدہ شاہدہ شاہ، مستورہ بیگم ایڈووکیٹ، شازیہ نیر ایڈووکیٹ، فوزیہ سلیم، شیلا مائیکل اور دیگر خواتین وہاں موجود ہیں۔

اس امدادی کیمپ میں موجود خواتین و حضرات ضلع جہلم کی وہ قدآور سماجی اور نامور شخصیات ہیں۔ جو اپنے فلاحی کاموں کی بدولت ضلع جہلم میں اپنی شناخت، اپنی پہچان رکھتی ہیں۔جہلم فورم جہلم برانچ اس سے پہلے بہت سے فلاحی منصوبوں پر کام کر چکی ہے اور کر رہی ہے۔خاص کر ضلع جہلم کے دور دراز علاقوں میں جہاں پینے کے صاف پانی کی قلت تھی اور لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا تھا وہاں بورنگ کروائی، فلٹریشن پلانٹس لگوائے۔

جن کے مکانات خستہ حال تھے اور گرنے والے تھے انہیں مرمت کروا کر دیئے۔غریب اور یتیم بچیوں کی شادی کے لیئے امداد فراہم کی۔غرضیکہ فلاح و بہبود کے ان گنت کام کئے اور یہ سب کچھ اپنی مدد آپ کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچے اس سلسلے میں کسی بھی حکومتی ادارے سے کسی قسم کی کوئی بھی مراعات حاصل نہیں کی گئی۔

ضلع جہلم کی دیگر فلاحی تنظیموں میں المرکز کونسل رجسٹرڈ المرکزجہلم اور جہلم فورم جہلم برانچ بلا شبہ ایسی فعال اور سرگرم فلاحی تنظیمیں ہیں۔جو مشکل کی ہر گھڑی میں انتظامیہ کے شانہ بہ شانہ اپنا کردار بہ احسن و خوبی سر انجام دیتی ہیں۔ ایسی فلاحی تنظیموں پر بجا طور پر فخر کیا جا سکتا ہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.