پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنے میں مصروف

جہلم: ٹرانسپورٹرز مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنے میں مصروف، بیشتر گاڑیاں روٹ پرمٹ کے بغیر سڑکوں پر رواں دواں، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارکردگی انتہائی مایوس کن، مسافروں کا وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب کمشنر راولپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم سے مختلف اضلاع میں چلنے والی ٹرانسپورٹ کے مالکان و عملے نے آرٹی اے سیکرٹری کی طرف سے کرایے ناموں پر عملدرآمد کرنے کی بجائے من مرضی کے کرائے وصول کرنے شروع کر رکھے ہیں، اندرون ضلع کی چاروں تحصیلوں سمیت دوسرے اضلاع میں جانے والی ٹرانسپورٹ کے کرائے خود ساختہ طور پر بڑھا رکھے ہیں۔
جہلم شہر سے دوسرے اضلاع میں جانے والی ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی ٹرانسپورٹرز نے از خود بڑھا رکھے ہیں، لاری اڈہ سے دوسرے اضلاع میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کی جانب سے زائد کرایوں کی وصولی کی شکایات عام ہو چکی ہیں جبکہ ضلع بھر میں چلنے والی ٹرانسپورٹ مالکان مرضی سے اپنا روٹ منتخب کر لیتے ہیں حالانکہ اپنے مقررہ روٹ کی منظوری کے لئے موٹر وہیکل ایگزامینر+ آرٹی اے سیکرٹری سے باقاعدہ اجازت لینا پڑتی ہے۔
ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بڑی اور چھوٹی پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت کی زمہ دار ہوتی ہے، مذکورہ محکمہ کی انتہائی مایوس کن کارکردگی اور عرصہ دراز سے من پسند افراد کی تعیناتی سے مسائل میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، ضلعی انتظامیہ کی چشم پوشی سے مذکورہ محکمہ کی کاکردگی انتہائی مایوس کن ہو چکی ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب کمشنر راولپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔