مون سون بارشیں؛ جگہ جگہ کھڑا گندہ پانی مچھروں، مکھیوں کی افزائش میں اضافے کا باعث بننے لگا

جہلم: مون سون کی بارشوںکے بعد شہر کے گلی محلوں ، سڑکوں پر جگہ جگہ کھڑا گندہ پانی مچھروں، مکھیوں کی افزائش میں اضافے کا باعث بننے لگا۔
تفصیلات کے مطابق مون سون کی بارشوں کے باعث شہر و گردونواح کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کے باعث جوہڑوں کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کے باعث مچھروں، مکھیوں، کیڑے مکوڑوں کی بڑے پیمانے پر افزائش کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے جس سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور لوگ عام مچھر کودیکھ کر بھی ’’ڈینگی ‘‘سمجھتے ہوئے خوف میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔
عوامی، سماجی، مذہبی حلقوں سمیت شہریوں اور رفاعی تنظیموں کے عمائدین نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی/ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سے نوٹس لینے اور گندے پانی کی نکاسی کے لئے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔