مہنگائی نے غریب سرکاری ملازمین کا بھرکس نکال دیا۔ حاجی محمد افضل بلوچ

جہلم: آل پاکستان آل محکمہ جات کلاس فور ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر حاجی محمد افضل بلوچ نے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریب سرکاری ملازمین کا بھرکس نکال دیا، پٹرولیم مصنوعات میں محض معمولی کمی سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا، پوری دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ اگر عام آدمی اورملازمین سے مخلص ہے تو پٹرولیم مصنوعات سمیت اشیاء خوردنوش کی کی قیمتوں کو پرانی سطح پرواپس لائے تاکہ لوگوں کو کچھ ریلیف مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور ضلع جہلم کے تمام سرکاری اداروں کے درجہ چہارم کے ملازمین آل پاکستان آل محکمہ جات کلاس فور ایسوسی ایشن کی ممبر شپ حاصل کریں اور آل پاکستان آل محکمہ جات کلاس فور کے یونٹ کاقیام عمل میں لائیں۔ اگر حکومت نے ملازمین کے مسائل کے حل میں سنجیدگی نہ دکھائی تو مجبوراً مہنگائی کے خلاف سٹرکوں پر نکلیں گے۔ اگر روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی میں اضافہ ہوسکتا ہے تو ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اسی حساب سے کم ازکم ماہانہ کی بنیاد پر اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف زدہ حکمران طبقہ سرکاری ملازمین کے لئے مصیبت بن چکے ہیں، ہوشربا مہنگائی نے ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں حالیہ بجٹ میں جتنا اضافہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کیاگیا اس سے کئی گنا زیادہ مہنگائی کرکے ملازمین کو دوبارہ سٹرکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیاگیا ہے۔ اگرحکمران طبقہ واقعی پاکستان اور پاکستانی اداروں سے مخلص ہے تو اپنی عیاشیاں ختم کرے اورعام آدمی کی طرز پرزندگی گزارے بصورت دیگرملک خدانخواستہ سری لنکاجیسی بھیانک صورتحال میں مبتلا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے آل پاکستان آل محکمہ کلاس فور کے عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر تمام اداروں میں آل پاکستان آل محکمہ جات کلاس فور کاقیام عمل میں لانے کے لئے متحرک ہوں اور ہر ادارے میں یونٹ قائم کیاجائے تاکہ ملازمین کے مسائل حل کروانے میں آسانی ہو۔