کنٹریکٹرز کو پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رجسٹرڈ کروانے کی شرط نے ٹھیکیداروں کو بے روزگار کر دیا

جہلم: حکومت پنجاب کی جانب سے صوبے بھر کے کنٹریکٹرز کو پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رجسٹرڈ کروانے کی شرط نے کیٹگری ڈی اور ای کے ہزاروں ٹھیکے داروں کو بے روزگار کردیا۔
کیٹگری ڈی اور ای کے ٹھیکیدار اب صوبے بھر کے کسی بھی سرکاری محکمہ میں ٹھیکیداری نہیں کر سکیں گے، حکومت کے اس فیصلے پر جہلم سمیت صوبے بھر کے چھوٹے کنٹریکٹرز سراپا احتجاج بن گئے، ہر سرکل میں حکومتی فیصلے کو غریب ٹھیکیداری سے دشمنی کے مترادف قرار دینا شروع کر دیا گیا، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے اس معاملے کو ہر سطح پر اٹھانے کا عندیہ دے دیاہے۔
بتایا جاتا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے نیا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہر کنٹریکٹرز لازماً پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رجسٹرڈ ہوگااور پی ای سی رجسٹرڈ ہونے والے اب تمام محکموں کے ٹھیکوں میں حصہ لے سکیں گے۔