جہلم میں شریف شہریوں کو خوبرو لڑکیوں کے ذریعے بلیک میل کرنے کا گندا دھندہ عروج پر

جہلم: شہر اور پوش علاقوں میں شریف اور سفید پوش شہریوں کو پچھلے چند ماہ سے خوبرو لڑکیوں کے ذریعے بلیک میل کرنے کا گندا دھندہ عروج پر، چند گندے لوگوں نے سابق پولیس ملازمین کے ساتھ مل کر سفید پوش اور سادہ لوح شہریوں کو بلیک میل کرنے کا دھندہ شروع کر رکھا ہے ، خوبرو لڑکیوں کے ذریعے بیرون ِ ملک سے آنے والے اور شرفاء کو جال میں پھنسا کر راضی نامے کے نام پر لاکھوں روپے وصول کئے جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے چند ماہ سے ضلع جہلم کے متعدد تھانوں جن میں تھانہ سٹی، سول لائن ، صدر، چوکی کالا گجراں، چوکی سٹی دینہ، تھانہ دینہ ، تھانہ سوہاوہ، تھانہ جلالپور شریف کے علاقوں میں وقوعہ ظاہر کرکے بیرون ملک سے آنے والے افراد اور مقامی شریف شہریوں کی عزتوں سے کھیلا جا رہا ہے۔
خوبصورت لڑکیوں کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والے اوورسیز پاکستانی اورسفید پوش افراد کو ان لڑکیوں کے زریعے پھنسا کر بلیک میل کرنے کا دھندہ عروج پر ہے جس سے متعدد شریف شہری اس گھٹیا گروہ کا شکار بن چکے ہیں ، شریف شہری اپنی عزتیں بچانے کی خاطر لاکھوں روپے فرضی پولیس ملازمین اور صحافت جیسے مقدس پیشے کی آ ڑ میں چھپے چند عطائی صحافیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس گروہ میں سابق پولیس ملازمین بھی شامل ہیں جن سے مل کر اس گندے دھندہ کو چلا رہے ہیں آج کل یہ دھندہ شہرکی معروف ہاؤسنگ کالونیوں اور گنجان آباد علاقوں سمیت پوش علاقوں کے گلی محلوں تک پہنچ گیا ہے پہلے شریف شہریوں اور بیرون ملک سے آئے ہوئے لوگوں سے فون پر مدد کے بہانے ملا جاتا ہے پھر دوستی کی آڑ میں نا زیبا ویڈیوز بنا کر ان سفید پوش لوگوں کو عطائی صحافی اور اپنے آپ کو پولیس ملازم ظاہر کرنے والے افراد بلیک میل کر کے لاکھوں روپے بٹورلیتے ہیں اور اگر معاملات حل نہ ہوں تو پولیس کے ذریعے مقدمات درج کروا کر بلیک میلنگ شروع کر دی جاتی ہے۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ شریف شہریوں کی پگڑیاں اچھالنے والے بدنامِ زمانہ گروہ کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کی عزت نفس مجروح ہونے سے بچائی جا سکے ۔