17 جولائی کا سورج پی ٹی آئی کی جیت کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ چوہدری فراز حسین

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ 17جولائی کا سورج پی ٹی آئی کی جیت کی نوید لے کر طلوع ہوگا، نااہل پی ڈی ایم کا ہر بیانیہ ناکامی سے دو چار ہو رہا ہے، ملک میں مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، افراتفری پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 20 صوبائی حلقوں میں پی ڈی ایم کو عبرتناک شکست کاسامنا کرنا پڑے گا، پی ڈی ایم کے لئے یہ ضمنی انتخاب سیاسی موت ثابت ہو گا، امریکہ اور اسرائیل کے حامیوں سمیت آئی ایم ایف کے آگے گھٹنے ٹیکنے والوں کو عوام کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پی ڈی ایم کی حکومت اپنی انا کو ختم کرتے ہوئے پاکستانی عوام کو امریکی غلام بنانا چاہتے ہیں جو پاکستان کی غیور عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
چوہدری فراز حسین نے کہا کہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی تجاویز پر عمل درآمد کرکے ملک و قوم کو مہنگائی بدامنی اور سیاسی انتشار کی آگ میں جھونک دیا ہے، ملک میں کئی سو فیصد تک مہنگائی بڑھ چکی ہے جس کی اصل ذمہ دا ر موجودہ حکومت ہے، ن لیگ اور اتحادی حکمرانی کے مزے لینے کی غرض سے غریب سفید پوش طبقے کو زندہ درگور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 18 روپے کمی کرکے کمپنی کی مشہوری کے سوا کچھ نہیں کیا، حکومت کو چاہیے تھا کہ عالمی منڈی میں جس تناسب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں اس لحاظ سے کم از کم 1 سوروپیہ فی لیٹر کے حساب سے کمی کی جاتی تاکہ حالیہ مہنگائی میں کمی واقع ہو سکے۔