عالمی ہفتہ آبادی کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان

0 9

جہلم: محکمہ بہبود آبادی جہلم کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان کی زیرصدارت کمیٹی روم ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں محکمہ صحت،تعلیم، اطلاعات کے ضلعی سربراہان، علماء کرام اور ایف پی اے پی کے نمائندگان نے شرکت کی جس میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

بابر ظہیر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نے شرکاء کو محکمہ بہبود آبادی کی سرگرمیوں، مانع حمل ادویات کی فراہمی، ڈینگی وائرس بارے آگاہی مہم سے متعلق جائزہ پیش کیا۔ عالمی ہفتہ آبادی 18 سے 22 جولائی تک منایا جارہا ہے، جس دوران حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع جہلم میں ہفتہ آبادی کا پلان شرکاء کے ساتھ زیر بحث لایا گیا۔

آگاہی واک، سیمینار،صحت مند بچوں کے مقابلے، تقریری مقابلہ، دستاویزی فلم شو کا انعقاد اور آگاہی بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بہبود آبادی جہلم کارکردگی کو سراہا اور تمام محکموں بالخصوص محکمہ بہبود آبادی، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، محکمہ اطلاعات اور دیگر سرکاری محکموں کو ہدایت کی کہ عالمی ہفتہ آبادی کو بھرپور انداز میں منایا جائے تاکہ عوام الناس کو تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی بارے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی فراہمی میں بہتری لائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ غیر سرکاری تنظیمیں بھی محکمہ بہبود آبادی کے ساتھ مل کر ہفتہ آبادی کی تقریبات کو کامیابی سے منعقد کریں تاکہ ضلع جہلم اپنی کارکردگی کے لحاظ سے اپنے طے شدہ پروگرام اور مقاصد کو حاصل کرسکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.