ضمنی انتخابات؛ سرکاری محکموں کے افسران نے اہم مصروفیات ترک کر دیں

جہلم: سرکاری محکموں کے افسران نے 17 جولائی تک اہم مصروفیات ترک کردیں، ضمنی انتخابات و نتائج کے بعد کاموں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، سرکاری اداروں کے افسران تذبذب کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 17جولائی کو پنجاب کے مختلف 20 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں ، جن صوبائی حلقوں میں انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں، ان حلقوں سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران صوبائی اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف سے لا تعلقی اختیار کر کے پاکستان مسلم لیگ ن کی حمایت کی۔
الیکشن کمیشن نے 20 ممبران صوبائی اسمبلیوں کو نااہل قرار دیتے ہوئے 17 جولائی کو ضمنی انتخابات کا اعلان کیا تھا جس پر پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن دونوں اپنی اپنی جیت کے دعوے کر رہے ہیں ، جس کیوجہ سے سرکاری اداروں کے ذمہ داران نے عید الاضحی کے بعد سے تمام تر اہم مصروفیات ترک کررکھی ہیں۔
افسران کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب کے بعد فیصلہ ہوگا کہ ہم نے کس وزیراعلیٰ کے حکم پر کام کرنا ہے اگر پاکستان تحریک انصاف اکثریت سے کامیابی حاصل کر لیتی ہے تو یقینا پنجاب کے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی ہونگے اور اگر مسلم لیگ ن اکثریت حاصل کر لیتی ہے تو حمزہ شہباز کے احکامات کی روشنی میں کام کریں گے۔
سرکاری افسران کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دورِ اقتدار میں کام کرنے کا مزہ تھاجب سے پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب میں اقتدار سنبھالا ہے اس روز سے غیر منتخب افراد نے دفاتر میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں ، اس طرح جائز ناجائز کاموں کے لئے مجبور کیا جاتا ہے جبکہ سابق دورِ حکومت میں کسی قسم کی الجھن نہیں تھی اور میرٹ پر کام کرکے خوشی محسوس کرتے تھے۔