موٹر سائیکل، رکشوں کے شور اور دھویں سے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بن گئیں

جہلم: موٹر سائیکل، رکشوں کے شور، دھویں سے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بن گئیں، کم عمر چنگ چی رکشہ ڈرائیورز بغیر روٹ پرمٹ اور بغیر لائسنس کے خطرناک طریقے سے رکشے چلاتے نظر آتے ہیں اور حادثات کے باعث انسانی زندگیوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔
شہر کے اندرونی علاقوں شاندار چوک، کچہری چوک، مسجد گنبد والی، ریلوے روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، اقبال لائبریری روڈ، جی ٹی ایس چوک، مشین محلہ نمبر 3 چوک، جادہ چوک، روہتاس روڈ کالا گجراں روڈ، چونترہ کھرالہ روڈ سمیت دیگر درجنوں مقامات پر ہمہ وقت درجنوں موٹرسائیکلیں، چنگ چی رکشے دوڑتے نظرآتے ہیں۔
سڑکوں کے کناروں پر جگہ جگہ چنگ چی رکشے کھڑے کرکے ٹریفک کے بہاؤ میں مسائل پیدا کئے جارہے ہیں، بازاروں میں خریداری کے لیے آنے والی خواتین کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، رکشوں کے شور و دھوئیں سے شہری بہرے پن ،دمے ،ٹی بی کے مرض اور آنکھوں کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
اس حوالے سے ان مخصوص جگہوں پر ڈیوٹیاں کرنے والے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار بھی ڈیوٹی سے عاری نظر آتے ہیں موٹر وہیکل عملہ رکشہ ڈرائیوروں کیخلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے ان سے معاملات طے کرکے ان کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
شہریوں نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، آر پی او راولپنڈی ایس پی ٹریفک پولیس راولپنڈی، ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں چلنے والے غیر قانونی رکشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے جبکہ غفلت کے مرتکب ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تا کہ شہر میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔