ضلع جہلم میں موسلا دھار بارش، نالے بپھر گئے، پانی گھروں میں داخل، دیواریں گر گئیں

0 14

جہلم: ضلع جہلم میں موسلا دھار بارش،دینہ کے علاقہ نیو جھنگ میں پانی گھروں میں داخل،دیواریں گر گئیں، ڈومیلی کے ملحقہ علاقوں میں برساتی نالے بپھر گئے، مدنی محلہ جہلم تالاب میں تبدیل، لوگ گھروں تک محصور، ڈپٹی کمشنر نیو جھنگ پہنچ گئے، ہنگامی بنیادوں پر نالوں کی تعمیر اور صفائی شروع کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح سویرے ہونے والی موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ جہلم شہر کی سڑکیں گلیاں ، بازار تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے قیمتی سامان خراب ہو گیا۔

شاپنگ سنٹرز میں دکانوں کے اندر بھی بارشی پانی داخل، سول لائن روڈ، کمیلا روڈ، میجراکرم شہید روڈ، کچہری روڈ، مشین محلہ روڈ، جادہ چوک روڈ، ٹاہلیانوالہ روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے سڑکیں جوہڑ کا منظر پیش کرتی رہیں جبکہ اندرون شہر سے گزرنے والا نکاسی آب کا نالہ بھی پانی سے بھر گیا، نالے کے دونوں اطراف قائم گھروں میں پانی داخل ہو گیا جس سے متعدد گھروں کا سامان خراب ہو گیا۔

دینہ میں بھی رات بھر سے جاری بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی جبکہ منگلا روڈ دینہ کی تعمیر کی وجہ سےنیو جھنگ دینہ اور ہڈالہ کے کئی گھروں اور سکول میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جس کی وجہ سے املاک کو نقصان پہنچا۔ دینہ شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں پانی بھر جانے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، ڈپٹی کمشنر نیو جھنگ پہنچ گئے اور ہنگامی بنیادوں پر نالوں کی تعمیر اور صفائی شروع کروا دی۔

ڈومیلی کے ملحقہ علاقوں میں برساتی نالے بپھر گئے، برساتی نالے کا پانی آبادی اور کھیتوں میں داخل ہو گیا جبکہ متعدد علاقوں میں دیہات کا شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

اس حوالے سے سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ ہر سال مون سون کے موسم میں بارشوں سے ضلع جہلم کے نشیبی علاقوں میں پانی تباہی پھیلاتا ہے جس کی بنیادی وجہ انتظامیہ کی ناجائز تجاوزات مافیا کی سرپرستی ہے، بااثر افراد نے اپنے گھروں کے باہر سے گزرنے والے نالوں پر جگہ جگہ تجاوزات قائم کرکے نالے بند کر دئیے ہیں۔

عمائدین کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران مون سون سے قبل نالوں کی صفائی ستھرائی کرواتے تھے جو کہ رواں برس نہیں کروائی گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر میں قائم نالوں کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کروایا جائے تا کہ نالوں کے دونوں اطراف قائم آبادی کے مکین بارش کے پانی سے محفوظ رہ سکیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.