جہلم میں کیمیکل ملے مشروبات و آئس کریم اور قلفیوں کی فروخت، بچے گلے اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا

جہلم: عیدالا ضحی کے بعد سے شہرسمیت مضافاتی علاقوں میں کیمیکل ملے مشروبات و آئس کریم اور قلفیوں کی فروخت کا دھندہ عروج پر، شہری بچے گلے اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہونے سے ہسپتالوں کا رخ کرنے لگے، شہریوں کاڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق عیدالا ضحی کے بعد سے شہر و گردونواح میں جعلی و مضر صحت مشروبات و آئس کریم اور قلفیوں کی سرعام فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے استعمال سے بزرگ، معصوم بچے گلے و پیٹ کی مختلف موذی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
شہر سمیت گردونواح میں مختلف برانڈز کی کمپنیوں کے ملتے جلتے ناموں سے منسوب مشروبات، آئس کریم اور قلفیاں فروخت کرنے والے دکانداروں ، ریڑھی بانوں نے ناقص و غیر معیاری 2 نمبر مشروبات، آئس کریم اور قلفیاں فروخت کرکے خوب مال کمارہے ہیں۔
انتہائی باوثوق زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لئے عید سے قبل اور عید کے بعد زیادہ منافع کمانے کے چکروں میں اپنے گوداموں میں اصل مشروبات کے ساتھ ساتھ 2 نمبر مشروبات آئس کریم بھی جمع کررکھی ہیں۔
مشروبات سپلائی کرتے وقت اصل مشروب کے ساتھ 2 نمبر انتہائی ناقص ومضر صحت مشروبات بھی دکانداروں کو فروخت کر رہے ہیں جس سے کمپنیوں کے ڈیلرز اور دکانداروں نے خوب منافع کمانا شروع کررکھا ہے جبکہ ان مشروبات کو استعمال کرنے والے بزرگ، خواتین بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر معیاری مشروبات کی فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے ناقص و غیر معیاری مشروبات فروخت کرنے والے فرنچائزر، ڈیلرز، دکانداروں اور تیار کرنے والے افراد کی فیکٹریوں اورگوداموں پر چھاپے مارکر ناقص و غیرمعیاری مشروبات کو تلف کرنے کے ساتھ ساتھ فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ شہری و معصوم بچے موذی امراض سے بچ سکیں۔