جنرل بس اسٹینڈ جہلم میں سہولتیں ناپید، نہ بیٹھنے کی جگہ نہ پینے کاصاف پانی، مسافروں کو مشکلات کا سامنا

جہلم: جنرل بس اسٹینڈ میں سہولتیں ناپید، ایس او پیز مکمل نظرانداز،نہ بیٹھنے کی مناسب جگہ نہ پینے کاصاف پانی، پردیسیوں کو منزل تک پہنچنے کیلئے انتہائی مشکلات کا سامنا ،مسافروں نے سی او کنٹونمنٹ بورڈ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے بعد واپس آنے والے پردیسیوں کو گاڑیوں کے اندر ٹھونسنے کے ساتھ اضافی کرایہ وصول کیا جا رہاہے ۔
ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کیلئے بنائے گئے ایس او پیز کو جنرل بس اسٹینڈ کی انتظامیہ نے ہوا میں اڑا دیا ہے۔ ماسک ، ہینڈ سینی ٹائزر سیکورٹی ڈیٹیکٹر اور دیگر عائد پابندیوں کو جنرل بس اسٹینڈ کی انتظامیہ نے عملدرآمد کرنے کی بجائے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عملدرآمد شروع کر رکھا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گاڑیوں میں سوار ہونے والے مسافروں کا ٹمپریچرتک چیک کرنے کے لئے کوئی اہلکار موجود نہیں۔ مسافروں کو بھیڑ بکریوں کی طرح گاڑیوں میں ٹھونس دیا جاتا ہے ، مسافروں نے کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف آفیسر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔