ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان نے بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بلال ٹاؤن، سلیمان پارس، ڈسپوزل سٹیشن سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے پوری طرح متحرک ہیں، ضلع جہلم کی تمام تحصیلوں میں عید کے ایام میں سارا عملہ شہر کی صفائی ستھرائی میں مصروف رہا اور ابھی بارش کے بعد تمام مشینری اور سٹاف فیلڈ میں موجود ہے اور نکاسی آب انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پوری مستعدی اور ذمہ داری سے اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے محکمہ بلدیہ کو ہدایت کی کہ بارش سے متاثرہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لئے فوری طور پر انتظامات کیے جائیں اور کسی بھی جگہ بارش کا پانی کھڑا نظر نہ آئے، ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو وضع کردہ پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بارش میں نشیبی علاقوں کا جائزہ لینے کا مقصد نکاسی آب کو فوری طور پر یقینی بنانا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔