عید قربان کے موقع پر شہریوں، فیملیز کی بہت بڑی تعداد کا شہر خاموشاں کا دورہ، فاتحہ خوانی کی

جہلم: عید قربان کے موقع پر شہرِ خموشاں میں شہریوں ، فیملیز کی بہت بڑی تعداد ابدی نیند سوئے اپنے پیاروں کو بھی عید ملنے گئے۔
فیملیز نے آنسوؤں کی برسات میں اپنے پیاروں کی قبروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ، تازہ اور خشک پھولوں کی چادریں ڈالیں ،اگر بتیاں ، دئیے جلائے جس سے شہر کے قبرستان خوشبوؤں سے معطر ہو گئے۔
عید سے ایک دن قبل ہی فیملیز کا قبرستانوں میں آنا جانا شروع ہو گیا تھا بچے بوڑھے نوجوان سب شہر خموشاں میں ابدی نیند سوئے ہوئے اپنے پیاروں کی قبروں پر آئے دعائیں کیں ، قرآن پاک ، ناظرہ اور سورہ یاسین کی تلاوت کرتے اور بخشش کی دعائیں کرتے رہے۔
دوسری جانب دکانداروں نے پھولوں کی پتیاں ، چادریں اگر بتیوں کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے قبرستانوں کے راستوں اور اطراف میں عارضی اسٹال لگا رکھے تھے جن میں پھولوں کی پتیاں ، تازہ پھولوں کی چادریں ، خشک پھولوں کی چادریں فروخت کی جارہی تھیں اسی طرح عرق گلاب، اگر بتیاں بھی فروخت کی جاتی رہیں۔