سانحہ جڑانوالہ کے نامزد ملزمان کو فورا گرفتار کیا جائے۔ حافظ عبد الحمید عامر

جہلم: سانحہ جڑانوالہ کے نامزد ملزمان کو فورا گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار مہتمم جامعہ علوم اثریہ جہلم اور نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان حافظ عبد الحمید عامر نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحٰی کے روز ذاتی رنجش اور عناد کی وجہ سے آتشیں اسلحہ سے مسلح ہو کر نامزد ملزمان نے ٹارگٹ کلنگ کر کے دو نہتے نوجوانوں کو موقع پر شہید کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس دردناک سانحہ پر ملک بھر کے نوجوانوں میں اشتعال پھیل گیا۔ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت وقت سے مجرموں کو فورا” گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ مجرموں کی کوشش ہے کہ اس بہیمانہ سانحہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیا جائے تاکہ کیس کمزور پڑ جائے۔ ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دلوائے بغیر کسی صورت چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مقتول شاہد منج اہل حدیث یوتھ فورس کے متحرک کارکن تھے۔ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ناظم اعلی مرکزیہ پاکستان اور معاون خصوصی وزیراعظم نے صوبائی وزیر قانون عطاء اللہ تارڑ سے رابطہ کرکے اس سفاکانہ واقعہ میں ملوث مجرمان کی گرفتاری کو فورا” یقینی بنانے کا کہا اور صوبائی وزیرداخلہ عطاء اللہ تارڑ نے امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب مولانا عبدالرشید حجازی کو بھی مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ الحمدللہ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے قائدین اپنی ذمہ داری کی ادائیگی بھی بھرپور انداز میں کر رہے ہیں لیکن یہ بھی واضح رہے کہ یہ ساری کوشش صرف مقتولین کو انصاف کی فراہمی میں معاونت کے لئے ہے،انشاء اللہ مقتولین کا خون ضائع نہیں جانے دیا جائے گا لیکن ہم اس واقعہ کی آڑ میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم قتل کی اس بہیمانہ واردات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے نامزد قاتلوں کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا دے کر نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔