جہلم کی سڑکوں پر جگہ جگہ گہرے گڑھے، گڑھوں میں بارشی پانی بھرجانے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا

0 15

جہلم: کمیلا روڈ، پولیس لائن روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، کچہری روڈ پرجگہ جگہ گہرے گڑھے،گڑھوں میں کیچڑ و بارشی پانی بھرجانے سے موٹر سائیکل سواروں، چھوٹی بڑی گاڑیوں، ایمبولنسسز سمیت پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا، جگہ جگہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شہریوں نے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں سے اندرون شہر کی سڑکیں مرمت کروانے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کمیلا روڈ، پولیس لائن روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، کچہری روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، شاندار چوک تا چک خاصہ روڈ پر جگہ جگہ بننے والے گڑھوں کی وجہ سے چھوٹی گاڑیوں، موٹرسائیکل سواروں، چنگ چی رکشوں اور عام شہریوں کو سڑک پر سے گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس حوالے سے شہریوں نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیلا روڈ، پولیس لائن روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، کچہری روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ پر 10/12 سال قبل ناقص منصوبہ بندی کے تحت شہر کے اندر سیوریج پائپ لائنیں بچھائی گئیں جس کی وجہ سے آج تک سیوریج لائنیں جگہ جگہ سے زمین بوس ہونے کیوجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔

انتظامیہ نے ناقص منصوبہ بندی کیوجہ سے کروڑوں روپے زیر زمین ڈبو دیئے ہیں ۔ چند ایک علاقوں میں بچھائی جانے والی سیوریج لائن فعال ہیں لیکن بدقسمتی سے ٹریٹمنٹ پلانٹ فعال نہ ہونے کیوجہ سے زہریلا پانی دریاء برد کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے آبی حیات کے ساتھ ساتھ دریاء کنارے آباد علاقہ مکینوں کو بھی زہریلا پانی استعمال کرنے کی وجہ سے بیماریوں کا سامنا ہے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سمیت چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر میں بچھائی جانے والی سیوریج لائنوں کی مرمتی اور فعال بنانے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.