جہلم پولیس نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا

جہلم: ضلع جہلم میں کل 495 مقامات پر عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی جائے گی جن میں 5 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے، اس موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جہلم پولیس کے 450 سے زاہد پولیس افسران و ملازمان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر شہر بھر کے اہم مقامات کی ناکہ بندی کی گئی۔ اس کے علاوہ محافظ اسکواڈ، ایلیٹ فورس اور ٹریفک پولیس کے چاک و چوبند دستے بھی شہر بھر میں گشت کریں گے، جہلم پولیس کی جانب سے شہر بھر کے تفریحی مقامات کیلئے بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عید کے اس پر مسرت موقع پر شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کیپٹن (ر) محمد عامر خان نیازی عید الاضحیٰ کے موقع تمام تر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی خود کریں گے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے تمام پولیس افسران و اہلکاروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کا فریضہ احسن طریقے سے ادا کریں، اس موقع پر مساجد، بازاروں، شاہراہوں اور تمام اہم مقامات پر الرٹ ہو کر ڈیوٹی سر انجام دیں، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات میں پولیس کا بھر پور ساتھ دیں۔ اپنے ارد گرد ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی سے متعلق بذریعہ 15 پولیس کو اطلاع دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ سے اجتناب کریں اور مزید کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے کہا ہے کہ جہلم پولیس ہمیشہ کی طرح شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر اپنے فرائض سر انجام دے گی۔