ن لیگ جہلم کی پستہ قد اور بونی قیادت للِہ جہلم روڈ کے رکے ہوئے فنڈز کا اجراء نہ کرا سکی۔ فیصل فرید چوہدری

0 12

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر راہنماء و ایڈووکیٹ سپریم کورٹ فیصل فرید چوہدری نے کہا ہے کہ توقع کے عین مطابق ن لیگ جہلم کی پستہ قد اور بونی قیادت للِہ جہلم روڈ کے رکے ہوئے فنڈز کا اجراء نہ کرا سکی،وفاقی وزیر بیس پچیس لوگوں کے مجمع میں جہلم کے عوام کو لالی پاپ دے کے چلتے بنے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ فیصل فرید نے کہا کہ پنڈدادنخان کی عوام نے وفاقی وزیر کا استقبال نہ کر کے مسلم لیگ (ن)کی حلقہ این اے67سے مکمل چھٹی پر مہر ضبط کر دی ہے،عوام اپنے ہمدردوں اور دشمنوں کی خوب پہچان رکھتے ہیں۔

فیصل فرید چوہدری نے کہا کہ آج تحصیل پنڈدادنخان کی غیور عوام نے سیاسی بونوں کی بھرپور کوشش کے باوجود فسطائی حکومت کے جعلی ارسطو وفاقی وزیر احسن اقبال کا استقبال کرنے سے مکمل انکار کر دیا،آج عوام نے مسلم لیگ نواز کی حکومت کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ہم نے پی ٹی آئی کے دور میں عمران خان صاحب کی خصوصی مہربانی سے شروع کرایا تھا، انشاء اللہ ہم ہی اس کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے،عید کے بعد اس عوامی مقدمے کی پیروی تیزی سے کی جائے گی اور عوام کے ساتھ مل کے اس منصوبے کو مکمل کرایا جائے گا۔

فیصل فرید نے کہا کہ جعلی ارسطو نارووال جاتے ہوئے کھانے کے لیے للِہ انٹرچینج سے نیچے اترے اور 129کلومیٹر طویل سڑک کا معائینہ کرنے کی بجائے کھانا کھا کر ہوم گراؤنڈ کی طرف روانہ ہوگئے۔ مہنگائی،لوڈشیڈنگ کی ستائی عوام نے (ن) لیگ کو مسترد کرکے یہ ثابت کیا کہ یہ پی ٹی آئی کا قلعہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی مقام ہے جہاں گزشتہ سال للِہ جہلم روڈ کا منصوبہ منظور کروانے کے بعد سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پہنچے تو عوام کا جم غفیر استقبال کرنے امڈ آیا تھا اور آج جعلی ارسطو اور سیاسی بونو کو عوام نے یکسر مسترد کردیا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.