عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مصنوعی مہنگائی عروج پر پہنچ گئی

0 18

جہلم: عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر شہر سمیت ضلع بھر میں مصنوعی مہنگائی عروج پر پہنچ گئی،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اجلاس فوٹو سیشن اور کاغذی کارروائیوں تک محدود، گلی محلوں اور بازاروں میں سرکاری قیمتوں کا مذاق اڑایا جانے لگا، انتظامیہ خاموش تماشائی، شہری حکمرانوں کے لئے جھولیاں اٹھا کر بددعائیں کرنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں مہنگائی اور گرانفروشی سے شہری شدید پریشان ہیں، شہر میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت ایک بار پھر 450 روپے مقرر کر رکھی ہے جبکہ دکاندار 480 روپے میں ساڑھے 7سو گرام فروخت کر رہے ہیں ، اسی طرح انڈے 194 روپے درجن ہیں لیکن دکاندار 210 روپے درجن کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔

شہر بھر میں سبزیاں غریب کی قوت خرید سے دور ہو چکی ہیں، آئل ، گھی کی بے قابو قیمتوں نے غریب کے گھر کھانا بنانے کا خواب چکنا چور کر دیا ہے، 550 روپے فی لیٹر کوکنگ آئل اور 560 روپے فی کلو بناسپتی گھی فروخت ہو رہا ہے، آلو 100 روپے، پیاز 110 روپے، ٹماٹر 120 روپے میں فروخت کئے جارہے ہیں۔

سبزی و فروٹ منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کا کردار انتہائی مایوس کن ہو چکا ہے، سبزی و فروٹ منڈی میں ڈپٹی کمشنر کی واضح ہدایت کے باوجود سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی حکومتی نرخوں پر سبزیاں و فروٹ کی فروخت ممکن بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.