سرکاری اداروں کے ملازمین ضروریات زندگی پوری نہ ہونے کیوجہ سے پریشانیوں کا شکار

0 17

جہلم: سرکاری اداروں کے ملازمین ضروریات زندگی پوری نہ ہونے کی وجہ سے پریشانیوں کا شکار، تنخواہوں میں اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ، ملازمین شدید ذہنی تناؤ کا شکار، شہری ، عوامی ، سماجی ، رفاعی ، فلاحی تنظیموں کے عمائدین کا حکومت وقت سے ملازمین کی تنخواہوں میں غیر معمولی اضافے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں مہنگائی میں 200 فیصد سے زائد کا اضافہ ہونے سے سرکاری ملازمین جو کہ پچھلے مہینے جون میں پیش ہونے والے بجٹ میں تنخواہوں کے اضافے کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے جس میں مہنگائی کے تناسب سے معمولی اضافہ کیا گیا جو کہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہے جس کیوجہ سے سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین شدید ذہنی کرب میں مبتلا ہیں۔

شہر کی سماجی تنظیموں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی ختم کرنے کے نام پر وجود میں آئی اور ملک سے کرپشن مکاؤ کا وعدہ کرکے برسراقتدار آئے ، وطن عزیز کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے عمائدین نے پی ٹی آئی کی حکومت کو ختم کیا اور وطن عزیز کی عوام کو خوشخبری سنائی گئی کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے غریب مکاؤ مہم شروع کررکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی 13 جماعتوں نے ملکر 20 سے زائد پارلیمنٹرین کو اپنے ساتھ ملا کر پی ٹی آئی کی حکومت کا خاتمہ کر دیا، 85 دن سے پی ڈی ایم کی حکومت برسراقتدار ہے مہنگائی ختم کرنے کے دعوے کرنے والی پی ڈی ایم نے پاکستانی عوام کو لوہے کے چنے چبوانے شروع کر رکھے ہیں ۔ پٹرولیم مصنوعات میں غیر معمولی اضافے کیوجہ سے اشیاء خوردونوش سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں 200 فیصد سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے ۔ جس کیوجہ سے ملازمین اور عام آدمی اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتا ہے ۔

شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے بلند و بانگ دعوے کرکے جمہوری حکومت کا خاتمہ کرتے ہوئے نہ تجربہ کار وزراء کو قلمدان سونپ دیئے گئے ،آج وطن عزیز کے سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے ملازمین کسمپرسی کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں ، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ہر روز مہنگائی کا نیا تحفہ دے دیتی ہے جس کیوجہ سے سرکاری اداروں کے ملازمین اور عوام بچوں کے مستقبل بارے سوچنے کی بجائے 2 وقت کی روٹی فراہم کرنے پرتوجہ مرکوز کر دیتے ہیں ۔

شہری،سماجی ، رفاعی ، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعظم پاکستان ، چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیراعلیٰ پنجاب، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے مطالبہ کیاہے کہ سرکاری اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے تاکہ سرکاری اداروں میں خدمات سرانجام دینے والے ملازمین اپنی سفید پوشی کا بھرم قائم رکھ سکیں ۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.