جانوروں میں لمپی سکن بیماری اور چیچڑڑ سے نمٹنے کیلئے جہلم کے داخلی راستوں پر 6 چیک پوسٹس قائم

جہلم: محکمہ لائیو سٹاک جہلم نے عید الاضحٰی کے موقع پر جانوروں میں لمپی سکن بیماری اور چیچڑیوں سے نمٹنے کے لیے جہلم کے تمام داخلی راستوں پر 6 چیک پوسٹس قائم کر دی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں قائم مویشی منڈیوں میں مفت ویٹرنری کیمپس بھی قائم کر رکھے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک جہلم ڈاکٹر مسعود حسین نے کہا ہے کہ جہلم میں ترکی ٹول پلازہ، منگلا پل، جہلم ٹول پلازہ، مصری موڑ جہلم، کھیوڑہ چوآسیدن شاہ روڈ اور للِہ انٹر چینج پر چیک پوسٹس بنا رکھی ہیں جہاں پر محکمہ کا عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے۔
انہوں نےکہا کہ اب تک مختلف چیک پوائنٹس پر 443 مویشی بردار گاڑیوں کو روک کر 4840جانوروں کا معائنہ کیا گیا اور چیچڑیوں کے خاتمے کے لئے سپرے کیا گیا جبکہ 3 گاڑیوں میں موجود جانوروں کو لمپی بیماری کی وجہ سیواپس بھجوا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے قائم کردہ تمام سیل پوائنٹس پر مفت ویٹرنری کیمپس میں موجود عملہ نے7648 جانوروں کو چیچڑیوں کے خاتمے کے لئیے سپرے کیا اور 418 جانوروں کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی۔
ڈاکٹر مسعود حسین نے مزید کہا کہ ہم لمپی سکن بیماری سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں اور ہمارا سارا سٹاف مشینری پورے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔