سیوریج، پانی اور ہسپتالوں کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کامران خان

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان کی زیرصدارت ضلع جہلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشتیاق احمد، ایکسین بلڈنگ، ہائی وے، پبلک ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشتیاق احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع جہلم میں 2022-2023 کے لیے 11 نئے ترقیاتی منصوبے منظور کیے گئے ہیں، جن میں سیوریج، پانی، سڑکوں اور بلڈنگز کے منصوبہ جات شامل ہیں۔ پہلے سے جاری سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے 119 منصوبوں میں سے بیشتر کو مکمل کر لیا گیا ہے، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری 38 سکیموں میں سے 25 مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کامران خان نے ہدایت کی کہ ضلع میں جاری سیوریج، پانی اور ہسپتالوں کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ کوالٹی میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ اور ڈائیلسز یونٹ کی ری ویمپنگ کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ رہے۔