سبزی منڈی جہلم اور ملحقہ بازاروں میں قبضہ مافیا کا راج، جگہ جگہ غیر قانونی سٹالز قائم

0 17

جہلم: سبزی منڈی اور ملحقہ بازاروں میں قبضہ مافیا کا راج، جگہ جگہ غیر قانونی سٹالز قائم ، تجاوزات کی بھرمار سے شہریوں کیلئے خریداری کرنا چیلنج بن کر رہ گیا، عوامی حلقوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاکھوں افراد پر مشتمل آبادی والے شہر کی سبزی منڈی اور اس سے ملحقہ بازار مسائل کی آماجگاہ میں تبدیل ہو چکے ہیں جگہ جگہ غیر قانونی سٹالز ، موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشہ اسٹینڈز قائم ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔

پھل اور سبزیوں سمیت دیگر اشیاء فروخت کرنے والے دکاندار بھی ٹھیلوں کے ذریعے مذکورہ بازاروں میں ٹھیلے کھڑے کرکے صارفین کے لئے مسائل پیدا کئے ہوئے ہیں ، بیشتر دکانداروں نے دکانوں کے باہر جگہ کو کرائے پر چڑھا رکھا ہے ، اگر جائزہ لیا جائے تو شہر کے دیگر بازاروں میں بھی قبضہ مافیا پوری طرح متحرک نظر آتاہے۔

کھلے بازاروں کا شہر جس کی تاریخ بہت قدیم ہے ، ضلع کا درجہ رکھنے کے باوجود مسائل کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے جبکہ بازاروں کو قبضہ مافیا سے پاک کروانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات عوام کی نظروں میں تاحال سوالیہ نشان بنے ہوئے ہیں صارفین کے لئے بچوں کے ہمراہ کار اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر اشیاء ضروریات زندگی خرید نا ناممکن ہو چکاہے۔

بڑھتی ہوئی تجاوزات کیوجہ سے صارفین اور قبضہ گروپوں میں لڑائی جھگڑے بھی روزانہ کا معمول بنے ہوئے ہیں اور یہ بات بھی علم میں آئی ہے کہ مذکورہ قبضہ گروپوں کو بااثر افراد کی حمایت حاصل ہونے کیوجہ سے انتظامیہ افسران بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔

عوامی حلقوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.