مویشی منڈیوں میں کانگو وائرس اور لمپی سکن بیماری کیخلاف تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ کامران خان

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں شہریوں اور بیوپاریوں کو مہیاء کی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامات کا کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر ریونیو سیف اللہ ساجد، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع جہلم میں جانوروں کی خریدوفروخت کے لیے 6 مویشی منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں جہاں پر بیوپاریوں اور شہریوں کی سہولت کے لیے تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں کمپلینٹ ڈیسک، موٹر سائیکل اور کار کی علیحدہ پارکنگ، سیکیورٹی کے لیے سول ڈیفنس اور پولیس کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ جانوروں کے پینے کے لیے پانی، ٹینٹس، لائٹنگ کا مناسب بندوبست، جنریٹرز اور شہریوں کے لیے پینے کے لیے صاف پانی، پارکنگ، ٹائلٹس سمیت دیگر سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں لائیو سٹاک کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں پر کانگو وائرس اور لمپی سکن بیماری کے خلاف تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں، جانوروں کی فری ویکسینیشن کے ساتھ مفت ادویات بھی مہیا کی جارہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بلدیہ کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں کی دن میں 2 سے 3 بار صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ مویشی منڈیوں کے علاوہ دیگر کسی بھی جگہ جانوروں کی خریدوفروخت پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔